روزہ بھوکا پیاسا رہنے کا نام نہیں بلکہ برائیوں سے بچنے کا نام
ہے،زبان کا بھی روزہ ہوتا ہے کہ جھوٹ نہیں بولنا،ہاتھ کا بھی روزہ ہوتا ہے کہ کسی
پر ہاتھ نہیں اُٹھانا کسی کمزور کو نہیں مارنا
امی کو رمضان کی تیاریاں کرتے دیکھ کر کرن نے کہا”ماما میں بھی کل
روزہ رکھوں گی“ٹھیک ہے تم روزہ ضرور رکھنا کیونکہ اس سال سے تم پر روزے فرض ہو گئے
ہیں،لیکن پہلے میں تمہیں روزے کے بارے میں سمجھاؤں گی کہ روزہ کیا ہوتا ہے۔
امی نماز کے لئے اس کو بلانے اس کے کمرے میں گئیں تو وہ سونے کی
تیاری کر رہی تھی،امی نے کہا وضو کرکے نماز کے لئے آ جاؤ نماز پڑھتے ہیں،اس پر کرن
فوراً بولی ابھی تو میں بہت تھکی ہوئی ہوں،تھوڑا سا سو لوں،امی نے کہا”نماز پڑھنا
تو ویسے بھی ضروری ہے اور پھر تم تو روزے سے ہو یہ تو غلط بات ہے کہ ایک فرض پورا
کرو تو دوسرا چھوڑ دو،چلو جلدی سے نماز کے لئے آ جاؤ“اس پر وہ بُرا سا منہ بنا کر
بولی”امی آپ تو ایک بات کے پیچھے ہی پڑ جاتی ہیں“اس پر امی کو بہت غصہ آیا لیکن
ضبط کر گئیں اور کرن کو جائے نماز پر آنے کا کہا،کرن نے جیسے تیسے نماز ختم کی اور
پھر جا کر اپنے کمرے میں لیٹ گئی۔
تھوڑی دیر بعد ماسی کی بیٹی”رابو“ ڈسٹنگ کے لئے اس کے کمرے میں گئی،رابو کے زور سے
دروازہ کھولنے پر کرن کی آنکھ کھل گئی اور اس نے غصے میں آ کر رابو کو مارا اور
کہا بدتمیز لڑکی․․․․!تمہیں پتہ نہیں کہ میرا
روزہ ہے میں آرام کر رہی تھی تم نے مجھے ڈسٹرب کر دیا۔
رابو روتی ہوئی باہر چلی گئی اور جا کر کرن کی ان سے شکایت کی تو
انہوں نے آکر کرن سے پوچھا کہ تم نے اسے کیوں مارا؟کرن صاف مُکر گئی کہنے لگی یہ
جھوٹ بولتی ہے میں نے تو نہیں مارا،امی چپ ہو گئیں روزہ کھلنے میں تھوڑا ہی وقت
باقی تھا۔
جب کرن روزہ کھول چکی اور کھانے پینے سے فارغ ہو چکی تو امی اسے لے
کر کمرے میں آ گئیں اور کہا”آج تمہارا روزہ تھا؟“جی امی․․․آج میرا روزہ تھا کرن نے بڑے فخر سے کہا،امی نے کہا”بالکل نہیں“اس پر
کرن حیران ہو کر بولی میں سحر سے لے کر افطار تک بھوکی رہی ہوں․․․․امی نے کہا”تم نے بالکل صحیح کہا تم صرف بھوکی اور پیاسی رہی ہو،تم
نے روزہ نہیں رکھا․․․․روزہ بھوکا پیاسا رہنے کا
نام نہیں بلکہ برائیوں سے بچنے کا نام ہے،زبان کا بھی روزہ ہوتا ہے کہ جھوٹ نہیں
بولنا،ہاتھ کا بھی روزہ ہوتا ہے کہ کسی پر ہاتھ نہیں اُٹھانا کسی کمزور کو نہیں
مارنا،اگر روزہ رکھ کر ماں باپ سے بدتمیزی کی جائے، بہن بھائیوں کے ساتھ جھگڑا کیا
جائے تو ایسے روزے کا کیا فائدہ؟
اللہ ایسے روزے کو پسند نہیں کرتا،روزہ اللہ نے ہماری تربیت کے لئے فرض کیا ہے
تاکہ ہم اچھے انسان بنیں،برائی سے بچیں،دوسروں کی تکلیف کا احساس کریں،روزہ غصہ
برداشت کرنے کا نام ہے“اب کرن کو سمجھ آ گیا تھا کہ روزے کا کیا مطلب ہوتا
ہے،دوسرے دن اس نے روزہ رکھنے کے بعد وقت پر نماز ادا کی،کام کاج میں امی کا ہاتھ
بٹایا،رابو آئی تو اس سے سوری کیا،اور آمنہ سے بھی لڑائی نہیں کی،جب روزہ کھلا تو
افطار کے بعد کرن کو محسوس ہوا کہ جتنی خوشی اسے آج حاصل ہوئی ہے اس سے پہلے کبھی
ایسی خوشی نہیں ملی تھی․․․!